ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف جاری جنگ کے چالیسویں روز صوبہ قزوین میں 6 جدید کروز میزائل مار گرائے گئے، جبکہ تہران کے شمال اور ہمدان کے علاقوں میں مزید 2 میزائل تباہ کر دیے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فوجی حکام نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب نے قزوین کی فضاؤں میں 6 جدید کروز میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا۔ اسی طرح تہران کے شمالی علاقے اور ہمدان میں بھی مزید دو میزائل مار گرائے گئے۔بیان میں کہا گیا کہ پاسدارانِ انقلاب کے قزوین میں تعینات صوبائی دستے کے مطابق فضائی دفاعی نیٹ ورک کے جدید نظام نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران 5 کروز میزائل اور ایک ٹوماہاک میزائل تباہ کیا۔پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ قزوین کی فضاؤں میں 5 کروز میزائل اور ایک ٹوماہاک میزائل کو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نظام کے ذریعے کامیابی سے مار گرایا گیا۔خیال رہے کہ ٹوماہاک ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا سب سونک کروز میزائل ہے جو امریکی بحریہ میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے فضائی دفاعی دستے نے بھی کامیاب کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارح امریکی اور صہیونی دشمن کے دو کروز میزائل تہران کے شمال اور ہمدان کے علاقے میں ٹریک کر کے کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیے گئے۔پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور بیان میں بتایا کہ صوبہ لورستان میں جی بی یو-39 اسمال ڈائامیٹر بم (SDB) بغیر پھٹے اور محفوظ حالت میں برآمد ہوا ہے۔ اس بم کو کم وزن وارہیڈ کے باوجود زیادہ تباہ کن صلاحیت، جدید رہنمائی و کنٹرول سسٹم، جی پی ایس جامنگ سے بچاؤ کی صلاحیت اور کمپوزٹ باڈی کا حامل قرار دیا گیا۔مزید بتایا گیا کہ صوبہ ہرمزگان میں پاسدارانِ انقلاب کے دستے نے جنوبی ایران کے ضلع سیریک کے علاقے میشی گاؤں کے قریب ایک اسرائیلی آربیٹر ڈرون کو بھی تباہ کر دیا۔