پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ ’فتح-4‘ (Fatah-II) گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر لیا ہے، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ میزائل جدید ایوی اونکس اور نیوی گیشنل سسٹمز سے لیس ہے اور اسے آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’فتح-4‘ طویل فاصلے تک انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس تجربے کا مقصد فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تکنیکی مہارت کا جائزہ لینا تھا۔بیان کے مطابق میزائل کے کامیاب تجربے نے پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیت اور ڈیٹرنس کو مزید مضبوط کیا ہے۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت ملک کی عسکری و سیاسی قیادت نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی۔حکام کے مطابق یہ کامیابی دفاعی خود انحصاری اور جدید عسکری ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان کی پیش رفت کی عکاس ہے۔