حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ کیا، سیلابی ریسکیو اور ریلیف میں مکمل تعاون کا اعلان

حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے رابطہ کیا، سیلابی ریسکیو اور ریلیف میں مکمل تعاون کا اعلان

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا، کشمیر اور شمالی علاقوں میں آنے والے سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

منصورہ سے جاری بیان کے مطابق حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے دوران بھرپور تعاون کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر بتایا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں 500 ٹن سے زائد امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے اور جماعت اسلامی کے تعاون کو سراہتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اس سے قبل امیر جماعت اسلامی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی رابطہ کیا اور سیلاب کی صورتحال، متاثرین کے لیے ہنگامی اقدامات اور ریسکیو آپریشن پر تبادلہ خیال کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس آزمائش کی گھڑی میں متحد ہو کر مشکل کا مقابلہ کریں اور کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے ریلیف آپریشن میں فعال کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے جماعت اسلامی کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔