عوام کو ریلیف ملنے تک دھرنے جاری رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن

عوام کو ریلیف ملنے تک دھرنے جاری رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک 21 روز سے جاری ہے اور عوام کو ریلیف دلائے بغیر احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ حکمران عوامی مسائل کے بجائے لندن پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سوات میں گزشتہ رات بڑا جلسہ عام ہوا، جس کے بعد وہاں بھی دھرنا شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ہڑتال کے بعد ایک ایسی فضا بنی جس سے حکومت کو عوامی غصے کا اندازہ ہوا اور حکام نے رابطہ کیا، تاہم ان کے بقول یہ اقدام پہلے ہی کیا جانا چاہیے تھا۔حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ ٹیکنیکل کمیٹی کی سطح پر مذاکرات پرسوں سے شروع ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو براہ راست عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے تھا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہے، تاہم قیمتیں کم ہونے کی صورت میں اس کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچایا جاتا۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے اشیائے ضروریہ سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے اور اس کا بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف ملنے تک دھرنے جاری رہیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات میں پیشرفت نہ ہوئی تو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی، جس کے دوران ٹرانسپورٹ اور پٹرول پمپس بھی بند ہوں گے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز اور پٹرول ڈیلرز سے بھی مشاورت کی جائے گی۔