لاہور کے علاقے ڈیفنس روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کچرے کے ڈھیر تلے دب کر دو خانہ بدوش لڑکوں کی جان چلی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں لڑکے ڈمپنگ اسٹیشن پر کچرے کے ڈھیر سے پلاسٹک کی بوتلیں نکالنے میں مصروف تھے کہ اچانک بھاری ڈھیر ان پر آ گرا۔ اس واقعے کے بعد اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ 11 گھنٹے کی طویل کوشش کے بعد دونوں کمسن لڑکوں کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی عمریں تقریباً 15 اور 17 سال بتائی جاتی ہیں۔ دونوں خانہ بدوش دکھائی دیتے ہیں تاہم ان کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ڈمپنگ پوائنٹ پر روزانہ درجنوں خانہ بدوش بچے اور افراد کچرے سے پلاسٹک اور دیگر چیزیں جمع کرنے آتے ہیں، لیکن حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث اس طرح کے حادثات کا خدشہ ہمیشہ رہتا ہے۔