راولپنڈی: روات کے علاقے میں 14 سالہ خانہ بدوش لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں پولیس نے نامزد ملزم کو حراست میں لے لیا، جبکہ متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ بھی مکمل کروا لیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر روات پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم کو گرفتار کیا۔ مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم نے ان کی 14 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل پراسیس مکمل کروا لیا گیا ہے، جبکہ زیر حراست ملزم سے واقعے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس شواہد اور دیگر ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کرے گی۔اس حوالے سے ایس پی صدر انعم شیر نے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے یا ان کے ساتھ زیادتی کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔