مغربی کنارے ہزاروں گھروں کی تعمیر کا منصوبہ فلسطینی ریاست کے تصور کو دفن کر دے گا اسرائیلی وزیر خزانہ

فلسطینی ریاست کے تصور کو ناکام بنا دیں گے کیونکہ تسلیم کرنے کیلے کچھ بھی نہیں‘نہ ہی کوئی تسلیم کرنے والا ہے:بیزل سموٹریچ 
 تل ابیب (آئی این پی )اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ بیزل سموٹریچ نے کہا ہے  مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک متنازع آبادکاری منصوبے کے تحت تین ہزار سے زائد گھر تعمیر کرنے کا منصوبہ فلسطینی ریاست کے تصور کو دفن کر دے گا۔ مقبوضہ بیت المقدس  اور مالے ادومیم بستی کے درمیان نام نہاد ای ون منصوبہ کئی دہائیوں سے بین الاقوامی سطح پر شدید مخالفت کی وجہ سے منجمد ہے۔ وہاں کی تعمیر سے مغربی کنارے کا مقبوضہ مشرقی   بیت المقدس سے رابطہ منقطع ہو جائے گا۔ غیر ملکی خبررساںادارے کے مطا بق آبادکار تنظیم یشا کونسل کے چیئرمین اسرائیل گینز اور مالے ادومیم کے میئر گائی یفراچ کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے سموٹریچ نے کہا کہ یہ زمین خدا نے یہودیوں کو دی تھی۔ سموٹریچ نے کہا کہ وہ فلسطینی ریاست کے تصور کو ناکام بنا دے گا کیونکہ تسلیم کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی تسلیم کرنے والا ہے۔بین الاقوامی قانون کے تحت بستیوں کو غیر قانونی سمجھا جاتا ہے اور یہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان سب سے زیادہ متنازع مسائل میں سے ایک ہے