امریکہ میں پاکستان کے جشن آزادی کی پروقار تقریبات

واشنگٹن میں  پاکستانی  سفیر رضوان سعید شیخ نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی 
مودی کے  مذموم عزائم کو ہماری مسلح افواج کی جرات و بہادری نے ناکام بنا دیا:رضوان شیخ
واشنگٹن (آئی این پی )امریکہ کے  دارالحکومت واشنگٹن، نیویارک میں پاکستانی مشن و قونصل خانے اور ٹیکساس، کیلیفورنیا و الی نوائے میں قائم قونصل خانوں میں پاکستان کے جشن آزادی کی پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی اور "معرکہ حق" کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی۔اس موقع پر ملی نغمے، امریکی کانگریس کے اراکین کے ویڈیو پیغامات ورامریکی طلبا و شہریوں کی طرف سے خیرسگالی کے کلمات دکھائے گئے ۔ جس کے بعد روایتی پاکستان کے روایتی ناشتے کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاکستان کو تاریخ کا ایک معجزہ قرار دیا جو ہمارے بانیوں کی بہادری پر مبنی جدوجہدِ آزادی کے نتیجے میں وجود میں آیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ آج پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر دو قومی نظریہ پہلے سے کہیں زیادہ سچ ثابت ہو رہا ہے۔، "پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جس نے کبھی اس جنگ کی خواہش نہیں کی،یہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی  لیکن ہم اس آزمائش سے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو کر ابھرے ہیں۔