یوم آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق وچوبند91 کیڈٹس نے مزارقائد پرفرائض سنبھال  لئے
مزار اقبال پر  پنجاب رینجرز کے چاق چوبند دستے نے پاکستان آرمی کو چارج دے دیا 
 کراچی ،لاہور(آئی این پی ) پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ ملک بھر میں 78 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا  گیا ، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی دی گئی۔ نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی،امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس موقع پر کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرگارڈ کی تبدیلی کی تقریب ہوئی  جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند 91 کیڈٹس نے مزار قائد پر فرائض سنبھال  لئے۔ اعزازی گارڈز 2 دستوں پر مشتمل ہیں، ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز اور دوسرا دستہ پاکستان نیوی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے جبکہ گارڈ میں 4 خواتین کیڈٹ بھی شامل ہیں۔مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کے بعد مہمان خصوصی کموڈور تصوراقبال کی جانب سے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔مہمان خصوصی نیمہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بندکیے۔ دریں اثنا  لاہور میں مزار اقبال پر بھی گاڈرز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پنجاب رینجرز کے چاق چوبند دستے نے پاکستان آرمی کو چارج دے دیا۔