موٹروے پولیس نے بروقت اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ایم-5 ملتان سیکٹر میں پیش آنے والے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب لاہور سے کراچی جانے والی ایک مسافر بس میں اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق، موٹروے پولیس اور ایف ڈبلیو او کی مشترکہ ٹیم نے بروقت رسپانس دیا اور آگ پر قابو پالیا، جس کی وجہ سے کسی جانی نقصان سے بچا جا سکا۔ اس دوران، تمام مسافروں کو فوری طور پر بس سے نکال لیا گیا، اور خوش قسمتی سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ بس مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی ہے، جس سے مالی نقصان ہوا، مگر انسانی جانیں محفوظ رہیں۔ واقعہ ظاہر پیر کے قریب پیش آیا، جب بس کراچی کے لیے روانہ تھی۔
موٹروے پولیس نے صورتحال کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں سے بحال کیا۔ رفیق احمد اور متعلقہ موبائلز موقع پر موجود رہے اور تمام حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز کے مطابق کارروائی کی۔ ترجمان کے مطابق، 130 ہیلپ لائن پر اطلاع ملتے ہی فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور تمام اقدامات بروقت انجام دیے گئے، جس سے بڑے حادثے کو ٹلنے میں مدد ملی۔