لاہور: موٹروے پولیس نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور سے فیصل آباد جانے والی ایک مسافر بس میں لگنے والی آگ پر قابو پا کر تمام مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے فیصل آباد جانے والی مسافر بس کے پچھلے بائیں پہیوں کے ٹائر جام ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی اطلاع موٹروے پولیس ہیلپ لائن پر موصول ہوتے ہی اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ترجمان نے بتایا کہ موٹروے پولیس نے سب سے پہلے تمام مسافروں کو ان کے سامان سمیت محفوظ مقام پر منتقل کیا، جس کے بعد فائر ایکسٹنگوشر کی مدد سے آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے سے بس کے پچھلے پہیوں کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم موٹروے پولیس کی فوری کارروائی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ایک ممکنہ بڑا حادثہ ٹل گیا۔واقعے کے بعد مسافروں اور بس ڈرائیور نے موٹروے پولیس کی فوری، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔