پولیو مہم کاتیسرا روز ، کروڑوں بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جا چکے

اسلام آباد (آن لائن)ملک بھر میں 2026 کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، جہاں تیسرے روز بھی ٹیمیں متحرک ہیں اور بچوں کو مہلک بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں۔ اس مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی قوتِ مدافعت بہتر بنائی جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک
 وقت جاری ہے، جس کا مقصد سرحد پار پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکنا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق مہم کے پہلے دو روز کے دوران ملک بھر میں 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی جا چکی ہے۔ صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 1 کروڑ 42 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جبکہ سندھ میں 60 لاکھ 35 ہزار، خیبر پختونخوا میں 43 لاکھ 23 ہزار اور بلوچستان میں 14 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین دی جا چکی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریباً 2 لاکھ 83 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے، جبکہ گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 88 ہزار اور آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً 4 لاکھ 75 ہزار بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔نیشنل ای او سی کے مطابق یہ قومی مہم 13 سے 19 اپریل تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو لازمی حفاظتی قطرے پلوا کر انہیں اس لاعلاج بیماری سے محفوظ بنائیں، جو زندگی بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔مزید معلومات یا شکایات کے لیے شہری 1166 پر کال کر سکتے ہیں یا 03467776546 پر واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔