ایرانی وزیر خارجہ کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

 امید ہے ایران،اسرائیل جنگ بندی معاہدہ خطے میں استحکام کے لیے بنیاد فراہم کریگا، شہزادہ محمد بن سلمان   
ایرانی وزیر خارجہ کا اسرائیلی جارحیت کی مذمت پر سعودی موقف پراظہار تشکر ،ولی عہدکی کوششوںکو سراہا
جدہ؍تہران (آئی این پی ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان اور عراقچی نے سعودیہ اور ایران کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور خطے کی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی ولی عہد نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان موجودہ جنگ بندی معاہدہ خطے میں سکیورٹی اور استحکام کے فروغ کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت پر سعودی عرب کے موقف پر شکریہ ادا کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ولی عہد کی ذاتی کوششوں کو سراہا۔