سپریم کورٹ : 9 مئی کے مزید اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر

 ضمانت قبل از گرفتاری میں عمران خان اور بشری بی بی کوعدالت پیش نہ کیا جا سکا
 9 مئی کیسز پر ٹرائل مکمل کرنے کا ایک ہی مرتبہ آرڈر جاری کریں گے، چیف جسٹس 
 طبی معائنہ اور بیٹوں سے بات کرانے کا حکم، بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)سپریم کورٹ آف پاکستان نے 9 مئی کے مزید اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر کر دیئے۔بانی پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں بھی سماعت کے لیے مقرر ہو گئیں۔عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری بحال کرنے کیخلاف اپیلیں ، جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی بریت کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئی۔عدالت نے صنم جاوید کی ضمانت منسوخی کی اپیل بھی مقرر کر دی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ آج سماعت کرے گا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے تمام کیسز پر ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کا ایک ہی مرتبہ آرڈر جاری کریں گیچیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے9 مئی مقدمات میں نامزد ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے اپیلوں پر سماعت کی۔عدالت نے سینیٹر اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ نے حافظ فرحت عباس کو جمعرات تک گرفتار کرنے سے روک دیا اور ان کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔ ملزم محمد فہیم قیصر کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کے حکمنامے سے کارکنان کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، کوئی چھلیاں بیچنے والا ہے تو کوئی جوتے پالش کرنے والا، بابر اعوان نے کہا کہ ہم سے تعاون کرنے کی بات کی جا رہی ہے اور کیا سر کاٹ کر دے دیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی چھ اور بشری بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ بانی پی ٹی آئی جو عدالت نے طلب کر رکھا تھا جیل حکام کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا گیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پیش نہیں کیا جا سکتا جبکہ انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ سے ویڈیو لنک پر بھی حاضری نہیں لگوائی جا سکتی۔عدالت کو بتایا گیا کہ جیل حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہانٹرنیٹ کی خرابی کے باعث بانی پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا جاسکتا۔عدالت نے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے متفرق درخواست پر بھی نوٹس جاری کردیا۔سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت نے بیٹوں سے ہفتہ وار ٹیلی فونک رابطہ کرانے اور طبی معائنہ کرانے سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی دونوں متفرق درخواستیں منظور کرتے ہوئے28 اپریل کو عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چودھری عامر ضیاء کی عدالت نے26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو حکم دیاہے بشری بی بی کو جیل میں ہی شامل تفتیش کرلیاجائے۔وکلاء صفائی کی جانب سے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔