26 نومبر کے احتجاج کیس میں شہریار آفریدی کی عبوری ضمانت 5 مئی تک بڑھا دی گئی

26 نومبر کے احتجاج کیس میں شہریار آفریدی کی عبوری ضمانت 5 مئی تک بڑھا دی گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک):انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

یہ فیصلہ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے شہریار آفریدی کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران سنایا۔ دوران سماعت، پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے میں دیگر نامزد ملزمان کی ضمانتیں بھی 5 مئی تک ملتوی کی گئی ہیں، اس لیے شہریار آفریدی کی ضمانت بھی اسی تاریخ تک بڑھا دی جائے تاکہ تمام درخواستوں کی مشترکہ سماعت ممکن ہو۔

عدالت نے شہریار آفریدی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں 5 مئی تک توسیع کر دی۔ شہریار آفریدی تھانہ کراچی کمپنی میں درج ایک مقدمے میں نامزد ہیں، جس میں دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی شامل ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ تمام متعلقہ ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں ایک ساتھ سننے میں آسانی رہے گی۔

یہ کیس پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج ان مقدمات کا حصہ ہے، جو سیاسی مظاہروں اور امن و امان کی صورتحال پر درج کیے گئے تھے۔