ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کیخلاف بلوچستان کے کئی شہروں میں شٹر ڈائون ہڑتال 28مارچ کو لانگ مارچ کافیصلہ

 بلوچ یکجہتی کمیٹی  کے تحت مستونگ، چاغی، خاران، پنجگور، خضدار، نوشکی، کیچ، خاران، اوستہ محمد، سبی، حب اور ڈھاڈر میں مظاہرے کئے گئے
 آج  بھی بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے  کئے جائیں گے‘ لانگ مارچ کی قیادت خود کروں گا:سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی  اخترمینگل

  کوئٹہ(آئی این پی )کوئٹہ میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کی اپیل پر صوبے کے کئی شہروں میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی ،مستونگ، قلات، خضدار، خاران، چاغی، پنجگور، نوشکی سمیت صوبے کے شہروں میں تجارتی مراکز بند اور ٹریفک معمول سے کم  رہی  جس سے معاملات زندگی اور کاروبار متاثر اور تاجر اور عام عوام  پریشان  ہوگئے۔بی این پی کی جانب سے یہ احتجاج ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت بلوچ یکجہتی کمیٹی کی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریوں، مظاہرین پر مبینہ تشدد اور مقدمات کے اندراج کے خلاف کیا جا رہا ہے۔   ادھر کوئٹہ میں بی وائی سی کے رہنمائوں کے خلاف ایک اور مقدمہ بلوچستان یونیورسٹی کے کیمپس تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔کوئٹہ پولیس کے مطابق اب تک بلوچ یکجہتی کمیٹی کے 500 سے زائد رہنماں اور کارکنوں کے خلاف چار مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب گرفتاریوں، تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے  بھی مسلسل احتجاج جاری ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی  کے تحت مستونگ، چاغی، خاران، پنجگور، خضدار، نوشکی، کیچ، خاران، اوستہ محمد، سبی، حب اور ڈھاڈر میں مظاہرے کئے گئے ۔بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی سمیت بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے خلاف کریک ڈائون کی مذمت کی ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی نے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جس کے اگلے مرحلے میں آج  بدھ کو بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے اور 28 مارچ کو خضدار کے علاقے وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کیا جائے گا۔بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کا کہنا ہے کہ وہ اس لانگ مارچ کی قیادت خود کریں گے۔