امریکی وفد کے سامنے اپوزیشن نے بانی پی ٹی آئی کا ذکر بھی نہیں کیا ایاز صادق

امریکی وفد سے ملاقات میں پی ٹی آئی کی  قیادت کو بلایا تھا،  وہ آتے اور جن سے مدد مانگتے ہیں ان سے بات کرتے، انہیں ان ہی سے بات بھی کرنی چاہیے
ہم  نے کسی کو نہروں کے معاملے پر بات سے نہیں روکا، میرے خلاف عدم اعتماد آئی  توان کے اپنے ووٹ بھی ٹوٹ جائینگے:سپیکر قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو
 اسلا م آباد (آئی این پی )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ  پاکستان کادورہ کرنے والے  امریکی وفد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق کوئی بات نہیں کی اور کہا  ہمارا پاکستان کی اندرونی سیاست سے ئی تعلق نہیں ہے ،امریکی وفد سے ملاقات کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی اور چیف وہپ کو باقاعدہ دعوت دی گئی تھی، مگر وہ شریک نہ ہوئے، جو بیرونی قوتوں سے مدد مانگتے ہیں، انہیں ان ہی سے بات بھی کرنی چاہیے ،میرے  پاس دعوت کے باقاعدہ ثبوت اور شواہد موجود ہیں۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ایاز صادق کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کے تینوں ارکان نے واضح طور پر کہا کہ ان کا پاکستان کے اندرونی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکی وفد کے سامنے اپوزیشن نے پی ٹی آئی بانی عمران خان کا نام تک نہیں لیا۔اسپیکر نے کہا کہ وہ مذاکرات کے لیے سہولت کار بننے کو تیار ہیں، مگر یہ کام زبردستی ممکن نہیں. تالی دو ہاتھ سے بجتی ہے۔ اگر کوئی فریق بیٹھنے پر آمادہ نہ ہو تو میں بار بار زبردستی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت یا اپوزیشن کی طرف سے رابطہ کیا گیا تو وہ ان کی بات ضرور آگے رکھیں گے۔ اپوزیشن کے طرزعمل پر تنقید کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران بار بار کورم کی نشاندہی کی جاتی ہے، جس سے قانون سازی کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی کہ اپوزیشن عوامی مسائل پر بحث نہیں ہونے دیتی۔ میں اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب دے چکا ہوں۔ اگر تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو ان کے اپنے لوگ بھی ساتھ نہیں رہیں گے‘ہم نے کسی کو نہروں کے معاملے پر بات سے نہیں روکا۔ حکومت کا فیصلہ تھا کہ سیشن ختم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ وہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو مساوی وقت دیتے ہیں، اور پارلیمنٹ کی فعالیت کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔