بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرکے پاکستانی مداحوں کے دل جیت لیے۔
ایک بین الاقوامی کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ نے ہزاروں شائقین کے سامنے استاد نصرت فتح علی خان کا مقبول کلام ’سانسوں کی مالا‘ پیش کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔پرفارمنس کے دوران بڑی تعداد میں موجود شائقین بھی دلجیت کے ساتھ جھومتے اور کلام سے محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین نے دلجیت دوسانجھ کے اس انداز کو سراہتے ہوئے اسے موسیقی کے ذریعے سرحدوں سے بالاتر محبت اور ثقافتی ہم آہنگی کی خوبصورت مثال قرار دیا۔واضح رہے کہ استاد نصرت فتح علی خان کا شمار دنیا کے عظیم ترین قوال اور صوفی موسیقی کے فنکاروں میں ہوتا ہے۔ ان کے انتقال کو تقریباً تین دہائیاں گزرنے کے باوجود ان کی موسیقی آج بھی دنیا بھر میں نئی نسل میں مقبول ہے۔