سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

ریاض: سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا۔

اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں نے شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنایا، جو کشیدگی میں اضافے کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ترکی المالکی کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری دفاعی اور عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ حوثیوں کے حملوں کا سخت اور ذمہ دارانہ جواب دیا جائے گا۔اس سے قبل سعودی اتحاد نے بتایا تھا کہ پیر کے روز حوثیوں کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے، جبکہ متعدد رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

حوثیوں نے سعودی عرب کے کنگ خالد ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا تھا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔سعودی اتحاد کے تازہ بیان کے بعد یمن کے حوثیوں اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جبکہ بحیرہ احمر میں سکیورٹی صورتحال اور عالمی بحری تجارت پر بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔