ضمنی انتخابات:ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 3 امیدواروں کو نوٹس

بہاولپور ( خصوصی رپورٹ) صوبہ پنجاب کے حلقہ این اے168 بہاولپور کے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تین امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیے گئے۔ ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کو انتخابی مہم میں اوور سائز تشہیری مواد استعمال کرنے، چودھری ولی داد چیمہ کو ضابطہ اخلاق کے منافی تشہیری مواد استعمال کرنے جبکہ امیدوار اویس خاکوانی کو ان کے سپورٹرز کی جانب سے دوسری جماعت کے کارکنوں کو انتخابی مہم میں رکاوٹ ڈالنے پر نوٹسز جاری کیے۔ تینوں امیدواروں کو آج تک تحریری وضاحت ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے دفتر میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔