عارفوالا میں 60 سالہ مقبول اور 3 سالہ بچے فدا نے دم توڑ دیا،شیر گڑھ میں حاجی رفیق اور ثقلین چل بسے
عارفوالا،پاکپتن،شیر گڑھ (خصوصی رپورٹ)پاکپتن اور اوکاڑہ میں ٹریفک حادثات، کمسن بچے سمیت4افرادجاں بحق، 4زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکپتن کی تحصیل عارفوالا کے علاقہ اڈا کوارٹر کے قریب منی ٹرک کی موٹر سائیکل ریڑھی رکشہ کو ٹکر کے نتیجے میں60 سالہ مقبول اور 3 سالہ بچہ فدا موقع پر ہی دم توڑگئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا۔ادھر اوکاڑہ کے علاقہ شیر گڑھ بونگہ سوڈی والا کے قریب 2 تیز رفتار موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں 60 سالہ حاجی رفیق اور نوجوان ثقلین موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک خاتون سمیت 3افراد زخمی ہو گئے،زخمیوں کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔حادثیکے بعد ریسکیو ٹیموں کے تاخیرسے پہنچنے پر علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور اہل علاقہ نے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا، بعد ازاں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت میتوں اور زخمیوں کو جائے حادثہ سے منتقل کر دیا۔