ڈیرے پر فائرنگ، ایم پی اے زخمی،4افرادجاں بحق

 ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چک نمبر 184 گ ب میںمخالفین نے حکومتی ایم پی ایایوب گادھی کو نشانہ بنایا
لاہور،ٹوبہ ٹیک سنگھ (کرائم رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیرے پر مخالفین کی فائرنگ سے حکومتی رکن صوبائی اسمبلی ایوب گادھی زخمی اور 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔فائرنگ واقعے کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا گیا۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی اے ایوب گادھی کی حالت تشویشناک ہے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے تھانہ رجانہ کی حدود میں چک نمبر 184 گ ب میں ڈیرے پر مخالفین کی طرف سے سابقہ رنجش پر فائرنگ کے نتیجے میں رکن صوبائی اسمبلی ایوب گادھی کے زخمی اور 4 افراد کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ، ڈی ایس پی سرکل ٹوبہ، ایس ایچ او رجانہ، سینئر پولیس افسران سمیت فرانزک ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔ ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں ضیعم عباس، ندیم، خالق داد اور حق نواز شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں شہباز اور ریاض شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایم پی اے ایوب گادھی کی حالت بہتر ہے جبکہ تمام زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔