مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی ترسیل متاثر، سونے کی قیمت پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی ترسیل متاثر، سونے کی قیمت پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل میں رکاوٹوں اور عالمی سطح پر مہنگائی کے بڑھتے خدشات کے باعث امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کی توقعات مضبوط ہوگئی ہیں، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت دباؤ کا شکار ہے۔

بلومبرگ کے مطابق سونا تقریباً 4,300 ڈالر فی اونس کے قریب ٹریڈ کر رہا تھا، جبکہ گزشتہ سیشن میں اس کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی اور سونا تقریباً پانچ ہفتوں کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے سے عالمی مارکیٹ میں توانائی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ مہنگا تیل عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ کرسکتا ہے، جس کے باعث امریکی مرکزی بینک شرح سود بڑھانے پر مجبور ہوسکتا ہے۔

مارکیٹ میں اس وقت تقریباً 92 فیصد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو رواں ہفتے ہونے والے اجلاس میں شرح سود میں اضافہ کرے گا۔ شرح سود میں اضافہ عموماً سونے کے لیے منفی سمجھا جاتا ہے کیونکہ سونا سرمایہ کاروں کو باقاعدہ سود یا منافع فراہم نہیں کرتا۔یوں مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی سپلائی کے خدشات جہاں عالمی معیشت پر دباؤ بڑھا رہے ہیں، وہیں امریکی شرح سود میں اضافے کی توقعات نے سونے کی قیمت کو بھی متاثر کیا ہے۔