وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کی کامیابی کے لیے باشعور عوام، دیانتدار قیادت اور قانون کی عملداری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد جمہوری اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ جمہوریت محض ایک سیاسی نظام نہیں بلکہ ملکی ترقی میں عوام کے فعال کردار کا مسلسل عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک مسلسل سفر ہے، جس کی منزل متوازن اور فلاحی معاشرے کا قیام ہے۔ احتساب جمہوریت کا اہم ستون ہے اور عالمی یومِ جمہوریت پر کرپٹ عناصر کے احتساب کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کے سدباب کے لیے منظم مہم جاری ہے، جبکہ آئین کی بالادستی ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔ جمہوری روایات کے فروغ اور استحکام کے لیے سول سوسائٹی اور اداروں کی فعال شمولیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے باہمی برداشت، مفاہمت اور پارلیمانی روایات کا تسلسل ناگزیر ہے۔ جمہوریت ہی سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کی منزل تک پہنچنے کا واحد راستہ ہے۔