بچو ں سے بھیک منگوانے پر3ماہ سے3سال تک قید

 قانون کی خلاف ورزی دہرانے والے والدین یا سرپرست کو کم از کم 6 ماہ قید  بھگتنا ہو گی
لاہور (زیڈ این این)پنجاب ویگرینسی ایکٹ 2026 کے ترمیمی بل میں بچوں سے بھیک منگوانے کی روک تھام کے لیے سزاؤں اور جرمانوں میں شدید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئے ترمیم شدہ قانون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے بچوں سے بھیک منگوانے میں ملوث والدین اور سرپرستوں کو بھی قانون کے تحت جواب دہ اور قابلِ سزا ٹھہرایا گیا ہے۔ترمیم کے تحت پنجاب ویگرینسی ایکٹ میں بچوں کی عمر کی حد 14 سال سے بڑھا کر 16 سال مقرر کر دی گئی ہے۔ اب بچوں کو گداگری پر مجبور کرنے والے والدین اور سرپرست بھی سخت قانونی کی زد میں آئیں گے۔ بچے سے بھیک منگوانے کا جرم ثابت ہونے پر 3 ماہ سے 3 سال تک قید اور 3 ہزار سے 3 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ قانون کی خلاف ورزی دہرانے والے والدین یا سرپرست کو کم از کم 6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہو گی۔ اس کے علاوہ بھیک منگوانے کے مقصد سے بچے کو کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنا بھی قابلِ تعزیر جرم قرار دیا گیا ہے۔ترمیمی بل کے تحت ڈی جی سوشل ویلفیئر پنجاب کو انسدادِ گداگری کا صوبائی کنٹرولر مقرر کر دیا گیا ہے