بند سگنلز، اچانک ناکے اور ای چالان،متاثرین کا ٹریفک پولیس پر ریونیو ہدف پورا کرنے کا الزام
لاہور (زیڈ این این)شہر ِ لاہور میں ایک طرف جہاں مہنگے پیٹرول نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے اور وی آئی پی پروٹوکول کی وجہ سے سڑکوں پر آئے روز کی ٹریفک پولیس کی ناکہ بندی شہریوں کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے، وہیں دوسری جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان مہم اور ریونیو ٹارگٹ پورا کرنے کے مبینہ اقدامات نے شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔قومی شاہراہوں اور شہر کی اہم شاہراہوں پر اچانک سگنلز بند کرنے اور یکایک کھولنے کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ای چالان کاٹے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بند سگنل کراس کروانا بعض اوقات بدترین ٹریفک جام سے بچنے کی مجبوری بن جاتا ہے یا پھر اچانک سگنل کی تبدیلی کے باعث ڈرائیورز ٹریفک پولیس کے ای چالان کا شکار بن جاتے ہیں۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس حکام کا موقف ہے کہ تمام ای چالان سیف سٹیز اتھارٹی کے سمارٹ کیمروں کی مدد سے مکمل قانونی تقاضے اور شواہد کی بنیاد پر کیمرے میں ریکارڈ ہونے والی خلاف ورزیوں پر ہی جاری کیے جاتے ہیں۔