چالانوں کی شرح میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جائے:عثمان انور

فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے والوں کیخلاف کارروائیاں تیز کی جائیں 
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ چینی و غیر ملکی شہریوں اور ماہرین کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ سپروائزری افسران حساس دفاتر اور سی پیک ورکنگ سائٹس سمیت مقامات کے سکیورٹی انتظامات کی سرپرائز انسپکشن یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ چالانوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ زیر التوا چالانوں کی شرح میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سموگ کی صورتحال کے پیش لاہور سمیت تمام اضلاع میں کریک ڈاؤن کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے۔ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے، فیکٹریوں، بھٹوں اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے تاکید کی کہ پولیس خدمت مراکز اور تحفظ و میثاق سنٹرز سمیت کمیونٹی پولیسنگ کے تمام پراجیکٹس سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ لا اینڈ آرڈر کے قیام، منظم جرائم اور منشیات کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، ویلفیئر ذرائع اور فنڈز کے موثر استعمال سے پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز کے پروٹوکول اور ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کے دوران کیا اجلاس میں چالانوں کی بروقت تکمیل، غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی، انسداد سموگ و جرائم، سروس ڈلیوری پراجیکٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، ایس ایس پیز انویسٹی گیشن سمیت سینئر افسران کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اور زیر بحث پیشہ ورانہ امور بارے بریفنگز پیش کیں۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی آپریشنز  پنجاب، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور اے آئی جی آپریشنز بھی اجلاس میں موجود تھے۔