ریلیف پیکیج موٹرسائیکل کیلئے ہرہفتے 5،گاڑیوں کودس دن میں 10 لٹر پٹرول دیا جائیگا وفاقی وزرا ء

 پہلے حصے میں رجسٹریشن ہوگی، شہری شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی ڈیٹا کسی سے  شیئر نہ کریں، حکومت شہریوںسے نہ  ڈیٹا  یا چارجز  نہیں مانگے گی  
 سبسڈی کیلئے رجسٹریشن گھر بیٹھے  ہو سکے گی،  9771 نمبر سے موصول ہونے والا ٹوکن پمپ پر دکھا کر پٹرول لیا جا سکے گا :عطاء تارڑ‘شزافاطمہ‘علی پرویز ملک
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی  شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے  وزیر اعظم کی خصوصی ریلیف سکیم کے تحت موٹرسائیکل والے ہفتے میں ایک بار اور گاڑی والے ہر 10 دن میں ایک بار پیٹرول پر دی گئی سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں،گاڑی کیلئے 10 لیٹر اور بائیک کیلئے 5 لیٹر کا ٹوکن ہوگا۔ اسکیم کے  تحت 2 ویلر، 3 ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑی والوں کو ریلیف دیا جائیگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے  پیر کو وفاقی  وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک  کے ساتھ   مشترکہ پریس کانفرنس  میں کیا ۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم نے غریب طبقے کیلئے ریلیف کا اعلان کیا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پیکج سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ 15 سال پرانی موٹرسائیکلیں اور 20 سال پرانی گاڑیاں بھی اس پروگرام کے لئے  اہل ہوں گی‘  موٹرسائیکل والے ہفتے میں ایک بار اور گاڑی والے ہر 10 دن میں ایک بار سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کیلئے  آپ کو صرف چار چیزیں فراہم کرنی ہیں اور جس نمبر سے میسج کیا جائے وہ شناختی کارڈ اور موبائل سِم آپ کے نام پر ہونا لازمی ہے۔ شزا فاطمہ نے بتایا کہ یہ پروگرام دو حصوں میں تقسیم ہے، پہلے حصے میں رجسٹرڈ ہوناہے، صارف نے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے REG، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا ہندسہ (مثال کے طور پر آپ سندھ سے ہیں تو آپ نے S لکھنا ہے)  اور بائیک یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ  لکھ کر 9771 پر بھیجناہے۔وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ کہ رجسٹریشن کے بعد پھر جب آپ پیٹرول لینے جائیں گے تو صارف نے 9771 پر TOK لکھ کر میسج کرنا ہے اور اپنا موصول شدہ ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھا کر سبسڈی حاصل کرنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا کوئی بھی ڈیٹا کسی سے بھی شیئرنہیں کرنا، حکومت شہریوںسے نہ کوئی ڈیٹا مانگے گی اور نہ ہی کوئی چارجز مانگے گی، اس میں جو بھی غلطیاں ہوں گی ان کو دیکھیں گے اور ٹھیک کرتے جائیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسکیم کے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سبسڈی صرف غریب آدمی اور مستحق لوگوں کیلئے شروع کی گئی ہے، کیونکہ ہمارے ملک میں سب سے غریب طبقہ چنگچی اور موٹرسائیکل پر سفر کرتا ہے۔ 9771 نمبر سے موصول ہونے والا ٹوکن پمپ پر دکھا کر پیٹرول لیا جا سکے گا۔ وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک کاکہناتھا کہ خطے کی صورتحال سے سب واقف ہیں،پاکستان 90فیصد توانائی کی ضروریات درآمد کررہا ہے،حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کررہی ہے،وزیراعظم ریلیف پیکیج کا اجراکمزور طبقے کیلئے کیا گیا، وزیراعظم نے عوام کو 130ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔