کٹھمنڈو: نیپال کی نئی عبوری وزیراعظم اور سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی نے عہدہ سنبھالتے ہی اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں کرپشن کے خاتمے اور "جنریشن زی" مظاہرین کے مطالبات پر عمل کریں گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، سابق وزیراعظم کے پی شرما اویلی نے کرپشن مخالف مظاہروں اور درجنوں ہلاکتوں کے بعد استعفیٰ دیا، جس کے بعد 73 سالہ سشیلا کارکی عبوری وزیراعظم مقرر ہوئیں۔سشیلا کارکی نے کہا کہ وہ صرف 6 ماہ کے لیے یہ ذمہ داری سنبھالیں گی اور ملک میں امن قائم کرنے کے ساتھ آئندہ انتخابات کی تیاری پر توجہ دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کرپشن کے خاتمے، بہتر حکمرانی اور معاشی مساوات کی خواہاں ہے اور حکومت ان مطالبات کو سنجیدگی سے لے گی۔یاد رہے کہ حالیہ مظاہروں میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے جبکہ بدامنی کے دوران 12 ہزار سے زائد قیدی جیلوں سے فرار ہو گئے تھے، جو سیکیورٹی کے لیے بڑا چیلنج بن گیا ہے۔