سوئیڈن کی نئی وزیرِ صحت ایلیسابیٹ لان عہدہ سنبھالنے کے چند گھنٹے بعد پریس کانفرنس کے دوران بے ہوش

سوئیڈن کی نئی وزیرِ صحت ایلیسابیٹ لان عہدہ سنبھالنے کے چند گھنٹے بعد پریس کانفرنس کے دوران بے ہوش

سوئیڈن کی نومنتخب وزیرِ صحت ایلیسابیٹ لان ایک پریس کانفرنس کے دوران اچانک بے ہوش ہو گئیں۔

یہ واقعہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے محض چند گھنٹے بعد پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق 48 سالہ ایلیسابیٹ لان سوئیڈن کی ڈیموکریٹس پارٹی کی سربراہ اور وزیرِ اعظم ایبا بُش کے ہمراہ میڈیا کے سوالات سن رہی تھیں کہ اچانک توازن کھو بیٹھیں اور زمین پر گر پڑیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لان صحافی کی بات غور سے سن رہی تھیں کہ اچانک بے ہوش ہو کر گر گئیں۔ واقعے کے فوراً بعد ایبا بُش اور دیگر حکومتی اہلکار ان کی مدد کے لیے لپکے جبکہ صحافی اور سیکیورٹی عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔عینی شاہدین کے مطابق لان چند لمحے تک بے ہوش رہیں لیکن جلد ہی ہوش میں آ گئیں۔ بعد ازاں سیکیورٹی عملے نے انہیں سہارا دے کر اُٹھایا۔

کچھ دیر کے وقفے کے بعد لان دوبارہ پریس کانفرنس میں واپس آئیں اور حاضرین کو بتایا کہ یہ ایک "بالکل غیر معمولی دن" ہے اور ان کی طبیعت اس لیے بگڑ گئی کیونکہ ان کا بلڈ شوگر لیول اچانک کم ہو گیا تھا۔اس واقعے کے بعد احتیاطی طور پر پریس کانفرنس کو مختصر کر دیا گیا اور سوال و جواب کا سیشن منسوخ کر دیا گیا۔خیال رہے کہ ایلیسابیٹ لان کو یہ منصب سوئیڈن کی سابق وزیرِ صحت آکو انکاربرگ یوہانسون کے استعفے کے بعد سونپا گیا ہے۔