لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران اور اختتام پر بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو انتہائی مایوس کن قرار دیا ہے۔
ایشیا کپ کے چھٹے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میچ کے بعد بھارتی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار تھی، لیکن بھارتی ٹیم بغیر ہاتھ ملائے ڈریسنگ روم واپس چلی گئی، جو کہ کھیل کے جذبے کے خلاف ہے۔ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ بھارتی ٹیم کے اس غیر مناسب رویے پر پاکستان ٹیم انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ کپتان سلمان علی آغا کو اختتامی تقریب میں نہ بھیجا جائے۔ پاکستان ٹیم انتظامیہ نے اس معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میچ ریفری کو بھی باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے، جس میں بھارتی کپتان اور دیگر کھلاڑیوں کے رویے کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاک-بھارت میچ کے اختتام پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو، جنہوں نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اور شیوم دھوبے، جو 10 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی میدان سے باہر چلے گئے۔ بعد ازاں سوریا کمار یادیو نے باقی بھارتی کھلاڑیوں کو بھی میدان چھوڑ کر ڈریسنگ روم آنے کا اشارہ کیا، جس دوران پاکستانی ٹیم بدستور گراؤنڈ میں موجود رہی۔یہ بھی قابل ذکر ہے کہ میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا، جس پر کرکٹ حلقوں میں تنقید کی جا رہی ہے۔