علی پور (ویب ڈیسک): وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز آج علی پور کا دورہ کریں گی جہاں وہ سیلاب متاثرین سے ملاقات کے ساتھ ان کے مسائل براہِ راست سنیں گی۔
وزیراعلیٰ کے دورے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مریم نواز بوائز ہائی اسکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کریں گی جہاں متاثرین کو خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ مریم نواز سیلاب سے متاثرہ دیہی اور نواحی علاقوں کا بھی دورہ کریں گی تاکہ نقصانات کا جائزہ لے سکیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کر سکیں۔ ان کے ہمراہ انتظامی افسران بھی موجود ہوں گے جو متاثرین کے مسائل کے فوری حل کے لیے بریفنگ دیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے دورے کے دوران ریلیف سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیں گی اور متاثرین کی امداد سے متعلق مزید اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔