ہمیں جنریشن زی کی سوچ کے مطابق کام کرنا ہوگا، نیپال نومنتخب وزیراعظم

کٹھمنڈو (آئی این پی )نیپال کی نو منتخب وزیراعظم سشیلا کارکی نے کرپشن کے خاتمے کیلئے مظاہرین کے مطالبات پر عمل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم سشیلا کارکی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اتوار کو اپنے پہلے بیان میں کہا کہ ہمیں جنریشن زی کی سوچ کے مطابق کام کرنا ہوگا۔73 سالہ سابق چیف جسٹس نے کہا کہ یہ گروپ جس چیز کا مطالبہ کر رہا ہے وہ کرپشن کا خاتمہ، اچھی حکمرانی اور معاشی مساوات ہے۔ آپ کو اور مجھے اسے پورا کرنے کا عزم کرنا ہو گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اور ان کی عبوری حکومت چھ ماہ سے زیادہ ایک دن بھی یہاں نہیں رہے گی۔جمعے کو نیپال کی سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی نے عبوری حکومت کی سربراہی سنبھالتے ہوئے ملک کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔وزیراعظم کے اس تقرر کو خاص بنانے والی بات یہ ہے کہ سشیلا کارکی کو منتخب کرنے کا فیصلہ نیپال کے جین زی مظاہرین نے چیٹ ایپ ڈسکارڈ پر کیا۔