یوم پاکستان ہی تحریک پاکستان کا نا قابل فراموش اور تاریخی آغاز سفر تھا:وزیراعلیٰ کا پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے23مارچ کے موقع پر ہمیں پاکستان کو دنیا میں باوقار مقام دلانے کا عہد کرنا ہوگا۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی، قرارداد پاکستان علیحدہ وطن کے حصول کیلئے آزادی کی جدوجہد میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان ہی تحریک پاکستان کا نا قابل فراموش اور تاریخی آغاز سفر تھا، اتحاد، تنظیم، محنت اور دیانت ہی ترقی کے لئے رخت سفر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آبا اجداد کی قربانیاں متقاضی ہیں کہ ہم آزادی کے حقیقی مقاصد کی طرف پیش رفت کریں، بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے قائد اعظم کے افکار پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔