چونڈہ:نامعلوم افراد نے گھر میں سوئے شخص کو قتل کر دیا

طارق محمود محلہ ریلوے سٹیشن کا رہائشی تھا،پولیس نے شواہد اکٹھے کر لئے،لاش ہسپتال منتقل
چونڈہ( نمائندہ خصوصی )چونڈہ میں ایک افسوسناک قتل کی واردات پیش آئی۔ محلہ ریلوے سٹیشن کے رہائشی طارق محمود ولد محمد صدیق رحمانی کو گھر میں سوتے وقت نامعلوم افراد نے حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اطلاعات کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آیا جب ملزمان دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور طارق محمود پر جان لیوا حملہ کیا۔ شور نہ مچنے کے باعث اہلِ خانہ کو صبح اطلاع ملی۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی خبر پورے علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بنی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں، تاہم پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا عمل جاری ہے۔ یہ اندوہناک قتل چونڈہ کے پرامن ماحول کو ہلا کر رکھ گیا ہے۔