پرانی دشمنی ، ڈیرے پر سوئے 3افراد قتل

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے رحیم یار خان کے تھانہ احمد پور لمہ کی حدود میں سابقہ دشمنی پر تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بستی شیر بہادر دینوں شاہ میں ڈیرے پر سوئے سردار عالمگیر، معشوق حسین اور ناظم کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ڈی پی او رحیم یار خان نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ڈی پی او رحیم یار خان نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔