پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ، 9 افراد جاں بحق،26زخمی

 جہانیاں میں نواحی اڈہ پر ویزوالا کے قریب بس الٹ گئی، 4افراد جاں بحق اور 22زخمی ،گوجر خان میں 3جانیں ضائع،4زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا
 جاں بحق افراد میں عمران رضا، فوزیہ بہرام اور علی عمران شامل ،ریسکیو نے نعشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا،متعدد کی حالت نازک،وزیر اعلیٰ کا اظہار افسوس
لاہور(آئی این پی )صوبہ پنجاب میں تین مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق جہانیاں میں نواحی اڈہ پر ویزوالا کے قریب مسافر بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے، بس رحیم یار خان سے فیصل آباد جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آ گیا، نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب گوجرخان جی ٹی روڈ پر وین اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 3 قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں جبکہ 4 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جاں بحق افراد میں عمران رضا، فوزیہ بہرام اور علی عمران شامل ہیں۔زخمیوں میں سدرہ،میمونہ، حسن رضا اور تحسین فاطمہ شامل ہیں۔ریسکیو نے نعشوں و زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں چنیوٹ میں لاہور روڈ پر نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیاوزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔