ہربنس پورہ اور سردار کالونی سے کروڑوں کی قیمتی سرکاری زمین واگزار کروائی گئی
لاہور( کرائم رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ضلع انتظامیہ لاہور نے تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہر بھر میں گرینڈ آپریشن کیا، جس کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی اور پی ایچ اے پارکس واگزار کروا لیے گئے۔اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں پیرا (PERA)، ایم سی ایل (MCL) اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے بھاری مشینری کے ساتھ فیلڈ میں پیش قدمی کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کیا۔ آپریشن کے دوران ہڈیارہ نالہ پر 19 دکانوں سے تجاوزات ختم کر کے 2 غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا گیا، جبکہ ہربنس پورہ اور سردار کالونی سے کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی سرکاری زمین واگزار کروائی گئی۔ اس کے علاوہ پی ایچ اے پارک اسلام پورہ سے 1 کنال اراضی واگزار کرا کر 2 ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ڈی سی لاہور نے ہدایت کی کہ واگزار کروائی گئی اراضی پر دوبارہ قبضہ کسی صورت نہ ہونے دیا جائے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کی خود قیادت کریں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف تمام کارروائیاں باقاعدہ حد بندی اور پیشگی نوٹسز کی قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد کی گئی ہیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پورا لاہور تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا۔