بحالی کیلئے نئی شرائط عائد ،ایک سال تک گیس کنکشن منقطع رہنے کی صورت میں صارفین کو سستی گیس کی سہولت میسر نہیں ہوگی
بحالی کے بعد مذکورہ کنکشنز کی بلنگ ایل این جی ٹیرف کے تحت کی جائے گی، صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
لاہور(کرائم رپورٹر)ایک سال سے زائد عرصے تک منقطع رہنے والے سوئی گیس کنکشنز کی بحالی کیلئے نئی شرائط عائد کر دی گئیں۔ایک سال تک گیس کنکشن منقطع رہنے کی صورت میں صارفین کو سستی گیس کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔کنکشن کی بحالی کیلئے ایل این جی ٹیرف کی پالیسی کا اطلاق گھریلو سمیت تمام صارفین پر ہوگا۔ری کنکشن فیس کی ادائیگی پر صارفین کے منقطع گیس کنکشن بحال کر دیے جائیں گے، تاہم بحالی کے بعد مذکورہ کنکشنز کی بلنگ ایل این جی ٹیرف کے تحت کی جائے گی۔نئی شرائط کے تحت طویل عرصے سے منقطع گیس کنکشن بحال کروانے والے صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔