پاکستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا،گھریلو صارفین کے لیے ملک بھر میں گیس کنکشنز کھولنے کا فیصلہ ،آج خوشی کا دن ہے:شہباز شریف

جاتی عمرہ میں نواز ،شہباز ملاقات وقت کے ساتھ پاکستان ترقی کی جانب جارہا ہے:نواز شریف
وزیر اعظم نے جاتی عمرہ میں قا ئد سے ملاقات کی ، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ، ملکی معیشت کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنا ہے، شہباز صاحب آپ کی انتھک محنت کی دنیا بھی تعریف کرتی ہے:صدر مسلم لیگ (ن) 
لاہور(خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے قائد و صدر نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان ترقی کی جانب جارہا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف جاتی عمرہ پہنچے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد و صدر نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا۔نواز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو ہمیں زیادہ سے زیادہ مضبوط کرنا ہے، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان ترقی کی جانب جارہا ہے۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ شہباز صاحب آپ کی انتھک محنت کی دنیا بھی تعریف کرتی ہے۔

 اسلام آباد(نیٹ نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو گیس کنکشن کھولنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد میں گھریلو گیس کنکشنز کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ پوراہوگیا، گھریلو صارفین کے لیے ملک بھر میں گیس کنکشنز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کی حکومت بنی تو چاروں طرف سے بے پناہ دباؤ تھا کہ گیس کا کنکشن دیا جائے، کیونکہ گیس کی فراہمی میں مشکلات تھیں، چنانچہ ہمیں گیس کی فراہمی میں مشکلات تھیں اور ہر درخواست دہندہ سے ہمیں معذرت کرنا پڑی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بالآخر یہاں تک بات پہنچی کہ گیس کی پائپ لائن اور اس کا انفرااسٹرکچر بچھانے کے ناصرف احکامات دیے جاچکے بلکہ فنڈز بھی مہیا کیے جاچکے تھے، اور وہ انفرااسٹرکچر بن بھی گیا مگر گیس دستیاب نہیں تھی تاہم آج وہ دن آیا ہیکہ پورے پاکستان میں گھریلوصارفین کیلیے معیاری ایندھن ’ری گیسیفائیڈ لیکویڈ نیچرل گیس‘ ( آر ایل این جی) کے کنکشنز کا اجرا کیا جارہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، آج خوشی کا دن ہے، یہی وہ تسلسل ہے جو میاں نواز شریف کے دور سے چلا آرہا ہے، جب 2013 میں نواز شریف تیسری مرتبہ وزیراعظم بنے تو پورے پاکستان میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور اندھیرے تھے۔