اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس آج طلب، اہم معاملات زیر غور آئیں گے

اسلام آباد (آن لائن) اسلامی نظریاتی کونسل کا  اجلاس آج  جمعرات کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کریں گے۔اجلاس میں مذہبی، عائلی اور قانونی نوعیت کے کئی اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔ ان میں آن لائن جوا اور بیٹنگ کے انسداد کا آرڈیننس، مسلم فیملی لاز (ترمیمی) بل 2026، شراب سے متعلق بل، خصوصی وراثتی ٹریبونلز کے قیام کی تجویز، لفظ محمد اور احمد کی درست املا کے نوٹیفکیشن سے متعلق وزارت مذہبی امور کی وضاحت، اور مذہبی چینلز کے لائسنس اور این او سی کا معاملہ شامل ہیں۔اجلاسں میں نابالغ بچوں اور بیواؤں کے گزشتہ عرصے کے نان نفقہ کی وصولی سے متعلق قانونی میعاد کے شرعی پہلوؤں پر بھی غور کیا جائے گا۔ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نان نفقہ کی وصولی میں قانونِ میعادِ سماعت 1908 کے آرٹیکل 120 کے اطلاق پر وزارت قانون و انصاف نے شرعی رائے طلب کی ہے، جسے اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔ اجلاس میں قادیانیوں کی کتابوں کی اشاعت پر پابندی برقرار رکھنے سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے سے بھی کونسل کو آگاہ کیا جائے گا۔