اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی کوئی نئی دعوت نہیں دی، جبکہ عامر ڈوگر سے ملاقات میں صرف قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس اور یوم آزادی کی تقریب سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ عامر ڈوگر سے ملاقات کے دوران یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے نام طلب کیے گئے تھے، اس کے علاوہ مذاکرات سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔نہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کی کسی سے مذاکرات کے حوالے سے بات ہوئی ہے تو انہیں اس بارے میں علم نہیں، وہ خود مذاکرات کی دعوتیں دیتے دیتے تھک چکے ہیں، اس لیے اب مزید دعوت دینے کا سلسلہ بند کر دیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم بھی متعدد مرتبہ پارلیمنٹ کے فورم پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، تاہم جن اپوزیشن ارکان کی وجہ سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، انہوں نے اس کی بحالی کے لیے کوئی درخواست نہیں دی۔