سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ سیاسی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آغا سراج درانی نے جمہوری اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ انہوں نے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی اہم خدمات انجام دیں، ان کی سیاسی اور عوامی فلاح کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مرحوم پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے جنہوں نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ آغا سراج درانی کچھ عرصہ سے عارضۂ قلب میں مبتلا تھے اور گزشتہ ماہ انہیں طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زیرِ علاج رہے۔