لاہور( کرائم رپورٹر)پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی نے موثر اور منظم اقدامات کا آغاز کر دیا۔ڈی جی ای پی اے پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر خصوصی سرویلنس اسکواڈز تشکیل دیدئیے گئے ہیں جو فصلوں کی باقیات جلانے کی نگرانی کریں گے۔سیزن کے دوران یہ اسکواڈز پنجاب کی موٹر ویز اور زرعی علاقوں میں مسلسل گشت کریں گے۔ اسکواڈز کو 24 گھنٹے، تین شفٹوں میں مانیٹرنگ کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کو فوری رپورٹ کیا جا سکے۔ایم11، ایم3، ایم2، ایم4 اور ضلع قصور میں ٹیموں کو تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی ٹیموں کو جلد متحرک کیا جائے گا۔کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے ہونے والے نقصانات اور ماحولیاتی اثرات سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈی جی ای پی اے کے مطابق، زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا، اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔خلاف ورزی کی صورت میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ای پی اے کی ہیلپ لائن 1373 پر شکایات درج کروائیں۔ اسکواڈز کو گشت کے دوران واٹس ایپ لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی نقل و حرکت کی نگرانی ممکن ہو۔تمام ڈپٹی کمشنرز کو ان اسکواڈز کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عثمان ظفر کو اسٹبل برننگ کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔