ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے نئی فورس کو تعینات کیا جائے، ڈرون کے ذریعے اس کی مانیٹرنگ کی جائے،عدالت
لاہور (یواین پی) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ موٹر وے اور ملتان روڈ کی خاص اہمیت کی حامل جگہوں پر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے نئی فورس کو تعینات کیا جائے اور ڈرون کے ذریعے اس کی مانیٹرنگ کی جائے۔ سماعت کے دوران عدالت نے برہمی کا اظہار اور نشاندھی کی ہے کہ اب بھی موٹر وے اور ملتان روڈ پر فصلوں کی باقیات کو جلایا جا رہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ای پی اے نے بڑی فورس تو بنا لی ہے مگر وہ فورس کہاں کھڑی کی گئی ہے، وہ بڑی بڑی گاڑیاں کہاں ہیں جو دی گئی ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔متعلقہ محکموں کے افسران پیش ہوئے اور عدالتی حکم پر اپنی اپنی رپورٹ پیش کیں۔