پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ شرمین علی نے اپنی طلاق اور اس کے بعد پیش آنے والی ذہنی و جذباتی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
شرمین علی، جنہوں نے "میرا درد نہ جانے کوئی"، "سنگِ مرمر"، "آتش"، "قسمت"، "پیار کے صدقے"، "پردیس" اور "دل بنجارا" جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کی، نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں شرکت کے دوران اپنی ذاتی زندگی پر تفصیل سے گفتگو کی۔اداکارہ نے بتایا کہ طلاق ان کی زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ تھا۔ ان کے مطابق وہ ہمیشہ ایک مضبوط عورت سمجھی جاتی رہی ہیں، لیکن علیحدگی کے فیصلے کے بعد انہیں خوف اور عدم تحفظ کے احساسات نے گھیر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ انہوں نے اپنی ذہنی صحت کے لیے کیا، تاہم خاندان کے کسی فرد نے ان کی حمایت نہیں کی۔شرمین علی نے اعتراف کیا کہ طلاق کے بعد انہیں "چھوڑ دیے جانے" کا شدید خوف لاحق ہوگیا ہے، جس کے باعث وہ اب قریبی رشتوں میں بھی کھونے کے ڈر سے اپنی خودداری قربان کر دیتی ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اب بھی ذہنی دباؤ اور خوف سے گزر رہی ہیں، اور انہیں نہیں معلوم کہ اس کیفیت سے کیسے باہر نکلا جائے۔