"بصارت سے محروم افراد کا وقار اور خودمختاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے:صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پیغام

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، وقار اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ:“سفید چھڑی ہمت، اعتماد اور خودانحصاری کی علامت ہے، اور ایک جامع و مساوی معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی پہچان ہوتا ہے۔”انہوں نے عوام اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ بصارت سے محروم افراد کی تعلیم، روزگار اور سماجی شمولیت کو یقینی بنائیں تاکہ وہ بھی ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

آصف علی زرداری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ:“محبت، احترام اور مدد بصارت سے محروم افراد کا بنیادی حق ہے، اور پاکستان کا اصل سرمایہ اس کے شہریوں کی صلاحیتوں کا فروغ ہے۔”
صدرِ مملکت نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی نمائندہ صائمہ سلیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بصارت سے محرومی کے باوجود اپنی ذہانت اور محنت سے ملک کا نام روشن کیا، اور وہ حوصلے، عزم اور قابلیت کی علامت بن چکی ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر آصف علی زرداری نے کہا:“آئیں! ایسا پاکستان بنائیں جہاں کوئی پیچھے نہ رہ جائے، کیونکہ قومی ترقی سب کے باہمی تعاون اور شمولیت سے ہی ممکن ہے۔”