خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے:صدرِ مملکت آصف علی زرداری

خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے:صدرِ مملکت آصف علی زرداری

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ترجیح ہے۔

صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مذہبِ اسلام انسانی وقار، احترامِ انسانیت اور مساوات کے اصولوں پر زور دیتا ہے، جبکہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ قائدِ اعظم نے پاکستان کو ایک ہم آہنگ، روادار اور وقار پر مبنی ریاست کے طور پر تصور کیا تھا، اور موجودہ حکومت انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کمزور اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید مضبوط اقدامات ضروری ہیں، اور خواتین، بچے، اقلیتیں اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے معاشرے میں احترام، برداشت اور باہمی وقار کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔صدر زرداری نے زور دیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ میں سول سوسائٹی، ریاستی ادارے اور بین الاقوامی شراکت دار اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کو عالمی سطح پر انسانی حقوق کا دن منانے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ انسانی وقار، مساوات اور انصاف کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔آخر میں صدر مملکت نے کہا کہ ہر پاکستانی کو خوف، جبر اور امتیاز سے پاک زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی قومی کوششوں کو کامیاب فرمائے۔