بھارت جنوبی ایشیا میں بدمعاش اور انتہاپسند ریاست بن چکا ، جو خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے
پاکستان اپنی خود مختاری کا تحفظ کرنا جانتا ہے، پاکستانی سفارتکار کا انسانی حقوق کونسل میںاظہارخیال
نیویارک( آئی این پی )اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 59ویں اجلاس میں پاکستانی سفارتکار دانیال حسنین نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں ایک بدمعاش اور انتہاپسند ریاست بن چکا ہے جو خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفارت نے کہا کہ انسانی حقوق کی مسلسل کھلم کھلا سنگین خلاف ورزیاں کرنے والا بھارت بدقسمتی سے ہمارا پڑوسی ہے اور پڑوسی ملک کے خلاف سرحدی جارحیت اور پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے کر بھارت اس خطے کو ایٹمی جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے۔دانیال حسین کا کہنا تھا کہ کوئی ابہام نہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، بھارتی قیادت کھلے عام اس دہشت گردی کا کریڈت لیتی ہے۔ بھارت میں اختلاف رائے پر لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے، مخالفین کے گھر گرائے جارہے ہیں۔پاکستانی سفارت کار نے کہا کہ سیاسی بنیادوں پر نفرتوں کا فروغ اور اقلیتوں سے ناروا سلوک بھارت کا وتیرہ بن چکا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت سازش کے تحت جغرافیائی تبدیلیوں کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف وزری کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈین سپانسرڈ دہشتگردی ہو یا سرحدی جارحیت، پاکستان نے ہمیشہ ڈٹ کر بھارت کا مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان اپنی خود مختاری کا تحفظ کرنا اچھی طرح جانتا ہے۔