مذہبی جماعت کا مارچ منتشر ہونے کے بعد حالات معمول پر آ گئے‘ مریدکے شہر میں سڑک کو کلئیر کروا لیا گیا، لاہور میں سمن آباد سے چوک یتیم خانہ تک سڑک بند‘باقی راستے کھل گئے
میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو بس اور الیکٹرو بس کے آپریشنز بحال‘ وہاڑی میں جماعت سے منسلک7 مدارس سیل ،سوشل میڈیا سیل پر انتشار پھیلانے وا لے 39 افراد گرفتار
لاہور،راولپنڈی (کرائم رپورٹرآئی این پی ) صوبہ پنجاب میں مذہبی جماعت کے اسلام آباد کی طرف مارچ کو پولیس کی جانب سے منتشر کیے جانے کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہو گئے ۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بیان جاری کیا ہے ک لاہور سے نکلنے والی تمام موٹرویز بشمول اسلام آباد، سیالکوٹ اور عبدالحکیم کھلی ہیں اور ان پر ٹریفک رواں ہے۔اسی طرح جی ٹی روڈ پر بھی ٹریفک رواں ہے۔ مریدکے شہر میں بھی سڑک کو کلئیر کروا لیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سڑک پر موجود جلی ہوئی گاڑیاں ہٹا دی ہیں۔مریدکے ضلعی انتظامیہ کے مطابق مظاہرین نے ستھرا پنجاب پروجیکٹ کی کئی گاڑیوں کو آگ لگائی تھی جس کے بعد نقصان کے تخمینے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ لاہور سیف سٹی انتظامیہ کے مطابق لاہور میں صرف ایک سمن آباد سے چوک یتیم خانہ پر سڑک بند ہے اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت میں کسی اور جگہ بھی کسی قسم کی ٹریفک کی بندش نہیں ہے۔اسی طرح پنجاب ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بھی لاہور میں میٹرو بس، اورنج لین ٹرین، سپیڈو بس اور الیکٹرو بس کے آپریشنز بحال کر دئیے ہیں۔ ‘مذہبی جماعت کے احتجاج پر قیادت و کارکنان پر راولپنڈی اور فیصل آباد میں مقدمات درج کر لئے گئے ۔راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے رہنما سعد رضوی سمیت مقامی قیادت و کارکنان پر مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا، روڈ بند کرنا، سیدھی فائرنگ کرنے سمیت مزاحمت کرکے ایمونیشن چھیننے کی دفعات شامل ہیں۔مقدمہ انسداد دہشتگری ایکٹ کی دفعات، اقدام قتل، ڈکیتی اور سازش مجرمانہ و عوام کو اکسانے وغیرہ کے تحت درج کیا گیا‘علاوہ ازیں پولیس نے حافظ سعد رضوی اور انس رضوی کا سراغ لگا لیا، زرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماوں کے اچانک غائب ہونے پرقانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے اور خفیہ ذرائع اور ٹیکنیکل ٹریکنگ کی مدد سے ان کا ٹھکانہ معلوم کر لیا گیا ہے حافظ سعدرضوی اورانس رضوی کوجلد گرفتارکرلیا جائے گا،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکام کی دونوں رہنماؤں کوپرامن طریقے سے خود کوقانون کے سپردکرنے کی پیشکش کی ہے